Saturday, September 21, 2013

مکتوب اول قسط ۹


متن: و عروجات بر فوقِ محدّدِ بسیار واقع میشوَّد
ترجمہ: اور عرش پر بہت دفعہ عروج واقع ہوتے ہیں۔

شرح

صوفیائے طریقت کے نزدیک ارواحِ لطیفہ اور لطائفِ نفیسہ کا ذکر اسم ذات و نفی اثبات و فنائے لطائف کے بعد عرش و فوق العرش سے عالِم وجوب تک روحانی سیر و عروج فرمانا ایک ایسی حقیقتِ ثابتہ ہے جو تواتر و توارث کا درجہ رکھتی ہے اور اس امر پر کثرت سے دلائلِ شرعیہ، سمعیّہ، ذوقیہ موجود ہیں۔
آیت کریمہ تَعْرُجُ ٱلْمَلَـٰٓئِكَةُ وَٱلرُّوحُ إِلَيْهِ [۱](ترجمہ: جس کی طرف روح (الامین) اور فرشتے چڑھتے ہیں) سے بھی یہی مفہوم اخذ کیا جاتا ہے۔

عُروج

مخلوق سے انقطاع اور مشاھدہ ذات و صفات میں اِستغراق کا نام عروج ہے۔ اولیاء کرام کا یہ عروج علمی اور رُوحی ہوتا ہے۔

عرش

اللہ تعالیٰ کی تجلیاتِ ذاتیہ و صفاتیہ کا مرکز ہے۔   ٱلرَّحْمَـٰنُ عَلَى ٱلْعَرْشِ ٱسْتَوَىٰ [۲](ترجمہ: رحمٰن جس نے بالائے عرش(لامکان میں) استواء فرمایا)
عرش سات آسمانوں اور جنت سے اُوپر محیطِ کائنات ہے عالمِ امر اور عالمِ خلق کے درمیان حدِ فاصل ہے دونوں کے ساتھ مناسبت کے باوجود دونوں کے آثار و اَحکام جُداگانہ ہیں۔

عالمِ خلق

مَاوَجَدَ عَنِ السَّبَبِ وَ یُطْلَقُ بِاِزَاءِ عَالَمِ الشَّھَادۃِ [۳](ترجمہ: جہاں سب کچھ سبب کے ذریعے وجود میں آئے اس پر عالمِ شہادت کا اطلاق آتا ہے) یعنی مادہ و مقدار سے پیدا ہونے والی مخلوق کو عالمِ خلق کہتے ہیں (جیسے عناسری اربعہ و ارضیات وغیرھا) عالمِ خلق کو "عالمِ اسباب، عالمِ اجسام اور عالمِ ناسُوت" کے ناموں سے بھی پُکارا جاتا ہے۔ ان سب کے مجموعہ کو عالمِ مادیات بھی کہتے ہیں۔
غرضیکہ عالمِ خلق، کائناتِ مادی پر مشتمل ہے جس میں ترتیب و تدریج ہے اور جسکی تخلیق میں زمانہ صرف ہوا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے هُوَ ٱلَّذِى خَلَقَ ٱلسَّمَـٰوَ‌ٰتِ وَٱلْأَرْضَ فِى سِتَّةِ أَيَّامٍۢ [۴](ترجمہ: وہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دن میں پیدا کیا) دن سے مراد ہزار سالہ دن ہے وَإِنَّ يَوْمًا عِندَ رَبِّكَ كَأَلْفِ سَنَةٍۢ مِّمَّا تَعُدُّونَ [۵](ترجمہ: اور بےشک تمہارے پروردگار کے نزدیک ایک روز تمہارے حساب کے رو سے ہزار برس کے برابر ہے ) یا پچاس ہزار سالہ دن ہے فِى يَوْمٍۢ كَانَ مِقْدَارُهُۥ خَمْسِينَ أَلْفَ سَنَةٍۢ [۶] (ترجمہ: (اور) اس روز (نازل ہوگا) جس کا اندازہ پچاس ہزار برس کا ہوگا) یا اللہ تعالیٰ کے علم کے مطابق اس سے بھی بڑا دن مُراد ہے (وَاللہُ اَعْلَمُ)

عالمِ امر

مَاوَجَدَ عَنِ الْحَقِّ بِغَیْرِ سَبَبِِ وَ یُطْلَقُ بِاِزَاءِ الْمَلَکُوتِ [۷](ترجمہ: جہاں اللہ تعالیٰ کیطرف سے بغیر کسی سبب کے وجود میں آئےاور اس پر عالمِ ملکوت کا اطلاق آتا ہے)عالمِ امر کا ظہور لفظ کُنْ کے فرمانے سے ہوا إِنَّمَآ أَمْرُهُۥٓ إِذَآ أَرَادَ شَيْـًٔا أَن يَقُولَ لَهُۥ كُن فَيَكُونُ[۸](ترجمہ:اس کی شان یہ ہے کہ جب وہ کسی چیز کا ارادہ کرتا ہے تو اس سے فرما دیتا ہے کہ ہوجا تو وہ ہوجاتی ہے)
یعنی مادہ و مقدار اور ترکیبِ عناصر سے کالی اور فقط امرِ کُن سے پیدا ہونے والی مخلوق پر عالمِ امر کا اطلاق آتا ہے(جیسے انسانی روحیں، ملائکہ اور لطائفِ مجرّدہ وغیرھا)  عالمِ امر کو عالمِ غیب، عالمِ ارواح، عالمِ لاھوت اور عالمِ جبروت سے بھی یاد کیا جاتا ہے ان سب کے مجموعے کو عالمِ مجرّدات بھی کہتے ہیں۔
آیتِ کریمہ أَلَا لَهُ ٱلْخَلْقُ وَٱلْأَمْرُ [۹](ترجمہ: دیکھو سب مخلوق بھی اسی کی ہے اور حکم بھی (اسی کا ہے) میں اسی عالمِ خلق و امر کی طرف اشارہ معلوم ہوتا ہے۔
_______________________________________________________________________________
۱۔المعارج ۴
۲۔طٰہٰ ۵
۳۔کتاب التعریفات ص ۱۱۹
۴۔الحدید ۴
۵۔الحج ۴۷
۶۔المعارج ۴۰
۷۔کتاب التعریفات ص ۱۱۹
۸۔یٰس ۸۲
۹۔الاعراف ۵۴

No comments:

Post a Comment