Friday, September 13, 2013

مکتوب اوّل قسط ۲ کی مزید تشریح

سیر و سلُوک


سَیر و سُلوک کا مقصد تصفیہ باطن اور تزکیہ نفس کے ذریعے حجابات کو دور کرنا ہوتا ہے۔(خواہ یہ حجابات وجوبی ہوں یا اِمکانی) تاکہ مطلوب کے ساتھ بے کیف وصلِ عریانی (بےپردہ وصال) حاصل ہوسکے۔

سیر


سالک کے ایک حال سے دوسرے حال ، ایک تجلی سے دوسری تجلی، ایک مقام سے دوسرے مقام میں منتقل ہونے کا نام ہے۔ سیر دو ۲ قسم پر ہے۔ سیر آفاقی اور سیرِ انفسی جیسا کہ آیتِ قرآنی ہے۔

سَنُرِيهِمْ ءَايَـٰتِنَا فِى ٱلْءَافَاقِ وَفِىٓ أَنفُسِهِمْ [۱]
ترجمہ: ہم عنقریب ان کو آفاق میں بھی اور اَنفس میں بھی اپنی نشانیاں دکھاتے ہیں۔
آفاق سے مراد کائنات ہے اور اَنفس سے مراداپنی ذات ہے۔آفاق اور اَنفس کے درمیان اجمال و تفصیل کا فرق ہے۔ دونوں اللہ تعالیٰ کی نشانیوں کے محل و منظر ہیں جن سے حق تعالیٰ کا پتہ چلتا ہے۔
سیرِ آفاقی میں تجلیّاتِ اسماء و صفات کا ظہور ہوتا ہے اور سیر انفسی میں تجلیاتِ ذات کا ظہور ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیرِ آفاقی میں اسم ظاھر کے معارف و تجلیّات سالک کی تعبیر و ادراک میں سما سکتے ہیں لیکن سیرِ انفسی میں اسم الباطن کے معارف و تجلیّات سالک کے کے احاطہِ ادراک سے وراء ہوتے ہیں کیونکہ ذات کے معارف و تجلیّات ، بے رنگی اور بے کیفی کے سبب سالک کے فہم سے بلند ہوتے ہیں اسی لئے عارفین نے اسم ظاھر کے معارف کے متعلق فرمایا

مَنْ عَرَفَ اللہَ طَالَ لِسَانُہ
ترجمہ: جس نے خدا کو پہچان لیا اسکی زبان دراز ہوگئی۔

اور اسم الباطن کے معارف کے بارے میں فرمایا۔

مَنْ عَرَفَ اللہَ کَلَّ لِسَانُہ
ترجمہ: جس نے خدا کی معرفت حاصل کی اسکی زبان گنگ ہوگئی۔

سلوک


خدا تک پہنچنے کا وہ راستہ جو بطریقِ مجاہدہ یا بذریعہ سیر کشفی عیانی طے کیا جائے (نہ کہ بطریقِ استدلال) سلوک کہلاتا ہے۔

سالک


اس راستے پر استقامت کیساتھ چلنے والے اور ساعت بہ ساعت ترقی کرنے والےکو سالک کہتے ہیں ھُوَ الَّذِیْ مشَیٰ عَلَی الْمَقَامَاتِ بِحَالِہ لَابِعِلْمِہ [۲] یعنی جو اپنے حال کے مطابق مقامات طے کرتا چلا جائے (نہ کہ محض علم و قال کے بل بوتے پر)

عارف


اللہ تعالےٰ کی صفات اور اسکے مقدراتکو بطریقِ حال و مشاھدہ (نہ کہ بطریقِ مجرد علم) پہچاننے والے کو عارف کہتے ہیں۔

No comments:

Post a Comment