Friday, September 13, 2013

مکتوب اوّل قسط ۲ کی مزید تشریح


توحیدِ شہودی اور توحیدِ وجودی


حضرت امام ربّانی قدس سرّہ فرماتے ہیں۔
وہ توحید جو اس بلند گروہِ صوفیاء کو راہِ سلوک و فقر میں میسر آتی ہے دو قسم پر ہے، توحیدِ شہودی اور توحیدِ وجودی۔
توحید شہودی ایک ذات کو دیکھنا ہے یعنی سالک کا مشہود صرف ایک ہی ذات ہو اور توحیدِ وجودی ایک ذات کو موجود جاننا اور اسکے غیر کو معدوم خیال کرنا ہے اور معدوم خیال کرنے کے باوجود کائنات کے آئینوں اور مظاہر کو ایک جاننا۔ پس توحیدِ وجودی علمُ الیقین کے قبیل سے ہے اور توحیدِ شہودی عینُ الیقین کی قسم سے ہے۔ توحیدِ شہودی اس راہ کے ضروری اُمور میں سے ہے کیونکہ بغیر اس کے فنا متحقق نہیں ہوتی اور عین الیقین کی دولت بھی اسکے بغیر میسر نہیں آتی کیونکہ ایک ذات کے غلبے کے باعث صرف اسے ہی دیکھنا اس کے ماسوا کو نہ دیکھنے کو مستلزم ہے بخلاف توحیدِ وجودی کے کہ وہ اس طرح نہیں اور یہ ضروری نہیں ہے کیونکہ علمُ الیقین توحیدِ وجودی کی معرفت کے بغیر بھی حاصل ہے نیز علم الیقین اس ذات کے ماسوا کی نفی کو مستلزم نہیں۔ نہایت درجہ یہ ہے کہ اس کے ماسوا کے علم کی نفی کو مستلزم ہے جب کہ اس ایک کے علم کا غلبہ اور زور ہے۔ [۱]
بینہ۲: مشائخ کی اصطلاح میں سیرِ لطائف کے دوران جب سالک پر محبتِ الٰہیہ میں نورِ حق کا اسقدر غلبہ ہوجائے کہ اشیاءِ کائنات غلبہ شہود ِ حق کی معیت میں عینِ حق نظر آنے لگیں تو اس مرتبے کو توحیدِ وجودی کہتے ہیں اور اگر اشیائے کائنات سالک کی نظر سے گم ہوجائیں اور اشیاء کے پردوں کے پرے جمالِ حق کا مشاھدہ ہوجائے تو اسکو توحید شہودی کہتے ہیں۔ توحید وجودی لطیفہ روح سے ظاہر ہوتی ہے یا یوں کہہ لیں کہ توحید وجودی کا احساس لطیفہ قلب کی سیر میں ہوتا ہے جب کہ توحیدِ شہودی کا اِدراک فنائیتِ لطائف میں ہوتا ہے۔

توحیدِ وجودی کی اقسام


واضح رہے کہ اس مکتوبِ گرامی میں حضرت امام ربانی قدس سرہ العزیز نے توحید وجودی کی ایک خاص قسم بیان فرمائی ہے جو آپ پر ظاہر ہوئی ورنہ توحید وجودی کی تعبیرات اور اسکی اقسام صوفیائے وجودیہ کے نزدیک مختلف ہیں جیسا کہ انکی کتابوں سے ظاہر ہے۔
قارئین کی معلومات کیلئے پانچ قسمیں درج کی جاتی ہیں۔
پہلی قسم: سالک اپنے آپ کو عین حق دیکھتا ہے۔
دوسری قسم: سالک اپنے آپ کو ظلِ حق دیکھتا ہے۔
تیسری قسم: سالک اپنے آپ کو اور عالم کو حق تعالیٰ کا مظہر اور آئینہ سمجھتا ہے۔
چوتھی قسم: عالم کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے احاطہ کو احاطہ ذاتی جانتا ہے۔
پانچویں قسم: عالم کیساتھ اللہ تعالیٰ کی معیّت کو معیّتِ ذاتی جانتا ہے۔
بینہ ۳:حق یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا کائنات کے ساتھ احاطہ اور معیت ذاتی نہیں علمی ہے۔ صوفیائے وجودیہ کی مذکورہ بالا تعبیرات کو ان کا عقیدہ نہیں سمجھنا چاہئیے بلکہ غلبہ حال اور سکرِ وقت پر محمول جاننا چاہئیے کیونکہ اَنَا الْحَقْ (میں حق ہوں) اور سُبْحَانِیْ مَا اَعْظَمَ شَانِیْ (ترجمہ: میں پاک ہوں کیا ہی بڑی میری شان ہے) اگر (مَعَاذَ اللہ) ان کا عقیدہ ہوتا تو وہ نمازوں سمیت تمام احکامِ شرعیہ کی پابندی کس لئے اور کیوں کرتے رہے؟ جب کہ وہ تقویٰ اور اتباعِ شریعت کی اعلیٰ منزلوں پر بھی فائز تھے جیسا کہ منصور حلاج رحمۃ اللہ علیہ کے متعلق مشہور ہے کہ وہ ہر روزوشب میں فرائض کے علاوہ ایک ہزار رکعات نماز نفل ادا کرتے تھے۔ [۲]
______________________________________________________
۱۔دفتر اوّل مکتوب ۴۳
۲۔نفحات الانس مترجم ص


No comments:

Post a Comment